فرقۂ غیر مقلدین دوسرے فرقوں کی بہ نسبت ایک نومولود فرقہ
ہے۔ اس کی عمر زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ سو سال قرار دی جاسکتی ہے، لیکن یہ ایک عجیب بے
بسی بلکہ بد نصیبی ہے کہ اب تک اس فرقہ کے افراد، اپنی تمام کوشش و کاوش کے
باوجود، کوئی ایسا نام یا لقب نہیں دریافت کرسکے، جو ان کی حرکات وسکنات کو دیکھتے
ہوئے پوری طرح اس پر منطبق ہوسکے، چنانچہ اپنے روز پیدائش سے لے کر اب تک اس جماعت
نے اپنے لئے جتنے القاب اختیار کئے اور جتنے لبادے اوڑھے، وہ باوجود افسوس ناک
ہونے کے ایک حیرت انگیز داستان ہے۔
غیر مقلدین کا سب سے بڑا دعویٰ عمل بالحدیث کا ہے ، جس کی
مناسبت سے وہ خود کو اہل حدیث کے نام سے موسوم کرتے ہیں، اور اپنے آپ کو حدیث رسول
ﷺ کا سرمایہ دار سمجھ کر تمام دنیا کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ ہم راہ راست پر
ہیں اور جہاں کے تمام مسلمان راہ حق سے ہٹے ہوئے ہیں، لیکن واقعہ اس کے بالکل
برعکس ہے ، حقیقت یہ ہے کہ حدیث کے علم و فہم اور اس پر عمل کی بابت ان کی حرماں
نصیبی قابل رحم ہے ، یہ جماعت اپنے کو اہل حدیث ثابت کرنے کے لئے مختلف قسم کی
چالبازیاں دکھاتی رہی ہے، چنانچہ وہ علماء و محدثین کی کتابوں میں جہاں کہیں،
"اصحاب الحدیث" یا " اہل الحدیث" وغیرہ الفاظ دیکھتی ہے ،
اپنے اوپر چسپاں کر کے غرور و نخوت کا مظاہرہ کرتی پھرتی ہے، حالانکہ ان الفاظ سے
مراد وہ اہل علم ہوتے ہیں جن کا شب و روز کا مشغلہ حدیثوں کا بیان کرنا اور ان کا
پڑھنا پڑھانا ہوتا تھا، جس سے اس جماعت کو دور کابھی واسطہ نہیں۔